جرائم

چینی کمپنی کو معدنیات کی بجائے 11 کروڑ کی مٹی و بجری بھیجنے والا پاکستانی تاجر گرفتار

میسرز ڈانزو ٹریڈرز کے مالک سید ذیشان افضل بلگرامی کے خلاف فوجداری انکوائری ایک چینی درآمد کنندہ کمپنی کی شکایت پر شروع کی گئی تھی۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کوآپریٹو کرائم سرکل نے ایک پاکستای تاجر کو اِس الزام کے تحت گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا کہ اُس نے چینی کمپنی کو معدنیات کی بجائے 11 کروڑ روپے کے عوض کنٹینرز میں مٹی اور بجری ڈال کر بھیجی تھی۔

جیو نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں میسرز ڈانزو ٹریڈرز کے مالک سید ذیشان افضل بلگرامی کے خلاف فوجداری انکوائری ایک چینی درآمد کنندہ کمپنی کی شکایت پر شروع کی گئی تھی۔

ملزم سید ذیشان افضل بلگرامی اور چینی درآمد کنندہ جیانگسو پراونشل فارن ٹریڈ کارپوریشن نے 17 جنوری 2024 کو ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت ڈانزو ٹریڈرز کراچی نے 1500 میٹرک ٹن کروم ایسک چین میں مذکورہ چینی کمپنی کو درآمد کرنا تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کرک: پرائمری اسکولز کے معطل کردہ تمام 800 اساتذہ بحال

11 فروری کو Danzu Traders نے کراچی کی بندرگاہ سے چائنا کی Xingang بندرگاہ پر کنٹینرز کی کھیپ بھیجی جس میں قیمتی دھات کروم ایسک کی بجائے مٹی، بجری اور پتھر بھرے ہوئے تھے۔

مذکورہ کھیپ چین پہنچنے سے پہلے ہی ملزم سید ذیشان افضل بلگرامی نے اپنی کمپنی کے بینک اکاؤنٹ میں رکھے ہوئے مذکورہ ایل سی کو دھوکہ دہی سے انجام دیا، بینک میں انسپکشن سرٹیفکیٹ آف کوالٹی اور ویٹ کی جعلی اور بوگس دستاویزات جمع کرائیں۔

مقدمے کے مطابق ملزم سید ذیشان افضل بلگرامی نہ صرف برآمدی دھوکہ دہی کا مرتکب ہوا بلکہ اپنے حق میں ایل سی پر عمل درآمد کے لیے جعلی، من گھڑت اور بوگس دستاویزات پیش کرکے بینکنگ فراڈ کا بھی ارتکاب کیا، ملزم نے نا صرف چینی درآمد کنندہ کو دھوکہ دیا بلکہ قوم و ملک کا نام بھی بدنام کیا۔ ملزم ذیشان کو آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ان کے دفتر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کروم ایسک ایک قدرتی معدنیات ہے جس میں کرومیم، آئرن اور آکسیجن ہوتا ہے اور اس کا استعمال اسٹین لیس سٹیل میں ایک اہم جزو فیرو کروم بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button