جرائم

شمالی وزیرستان: بارودی مواد کا دھماکہ، 5 افراد جاں بحق 16 زخمی

زرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں تین خواتین اور دو بچے شامل، اب بھی کئی افراد ملبے کے تلے دبے ہوئے ہیں اور مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ایک گھر میں بارودی مواد کے دھماکے سے پانچ افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب چارسدہ میں مبینہ طور پر ایک خودکش حملہ ہوا ہے جس میں مبینہ موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور کے علاوہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی پی او روخان زیب کے مطابق جمعرات کے دن صبح سویرے تحصیل میرانشاہ کے گاوں تپی میں ایک گھر کے باہر بارودی مواد کا دھماکہ ہوا  جس میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دھماکہ بہت شدید تھا جس کی وجہ سے کئی قریبی مکانات منہدم ہو گئے ہیں، دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ دھماکے کی اصل وجوہات کیا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان اور کیچ میں سکیورٹی فورسز کارروائیاں، 12 شدت پسند ہلاک

ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر حمید اللہ کے مطابق شدید زخمیوں کو بنوں منتقل کر دیا گیا ہے، بیشتر کی حالت نزک ہونے کی وجہ سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

زرائع کے مطابق اب بھی کئی افراد ملبے کے تلے دبے ہوئے ہیں اور مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب چارسدہ کے علاقے اخون ڈھیری میں ایک مبینہ خودکش حملہ آور نے دھماکہ کیا جس میں پولیس اہلکار محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق مبینہ حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا، پولیس کو شبہ ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والا موٹرسائیکل سوار ہی خودکش حملہ آور تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button