سیکیورٹی فورسز کی پشین اور ژوب میں کارروائی کے دوران 2 خوارج ہلاک اور 5 گرفتار، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران 2 خوارج ہلاک اور 5 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پشین میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ جہاں سے 5 خوارج کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد قبضے میں لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج کے قبضے سے 3 خود کش جیکٹس بھی برآمد کی گئی ہے جبکہ گرفتار خوارج متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث تھے، یہ سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کونشانہ بنانےکی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 17 اکتوبر کو ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور کارروائی کی جس میں 2 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، سیکیورٹی فورسز شہریوں کو دہشتگردی کی لعنت سے بچانے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔