باجوڑ: منشیات فروشوں کی پشت پناہی پر ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکار معطل
زاہد جان
باجوڑ میں منشیات فروشوں کی پشت پناہی کے الزامات کے تحت ایس ایچ او سمیت سات پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقاص رفیق کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ معطل اہلکاروں کے خلاف محکمانہ انکوائری کا آغاز کیا جائے گا۔
یہ کارروائی ایک منشیات فروش کے الزامات کے بعد عمل میں آئی، جس نے دعویٰ کیا تھا کہ باجوڑ پولیس کا ایک ایس ایچ او اور چھ اہلکار اس سے پیسے وصول کرتے ہیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ باجوڑ میں کسی بھی صورت منشیات کی فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ کو منشیات فری علاقہ قرار دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور عوام اور قبائلی عمائدین کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ اس مسئلے کا جلد خاتمہ ہو سکے۔ رواں ماہ میں باجوڑ میں منشیات فروشوں کے خلاف 22 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، جن میں 26 ملزمان نامزد ہیں، اور تمام ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے دو ملزمان کو عدالت نے جرم ثابت ہونے پر قید اور تین تین لاکھ روپے جرمانہ کی سزائیں سنائی ہیں۔
اس معاملے میں مزید تفصیلات کے مطابق، ابراہیم شاہ، سکنہ لوئی خرکے وڑ ماموند، کو ایس ایچ او نیاز نے ماموند سے پکڑا تھا، اور انہوں نے یہ انکشاف کیا کہ مذکورہ بالا سات اہلکار ان سے پیسے لیتے تھے۔