چارسدہ, جائیداد کے تنازعے پر بیٹوں نے فائرنگ کرکے والد اور سوتیلی ماں کو قتل کر دیا
رفاقت اللہ رزڑوال
خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی میں بیٹوں نے جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے ماں باپ کو قتل کردیا جبکہ بھائی شدید زخمی ہو گیا۔
تحصیل تنگی تھانہ کے ایس ایچ او وارث خان نے ٹی این این کو بتایا کہ تحصیل تنگی کے نواحی علاقہ حسن آباد میں منگل کی صبح ملزمان احمد شاہ، یونس اور حسن شاہ کا اپنے سگے والد ظاہر شاہ کے ساتھ جائیداد کی تقسیم پر تلخ کلامی ہوئی جس کی وجی سے طیش میں آکر اس نے اپنے والد اور سوتیلی ماں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا جبکہ سوتیلا بھائی واجد علی زخمی ہو گیا۔
ایس ایچ او وارث خان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول ظاہر شاہ نے دوسری شادی کی تھی اور دوسری بیوی سے اُن کے تین بیٹے تھے، اور اس نے اپنی زمین کا کچھ حصہ انکے نام انتقال کیا تھا، جس پر اُنکی پہلی بیوی کے بچوں کو شدید رنج تھا۔
انہوں نے بتایا کہ آج صبح ملزمان نے اپنے والد سے سوتیلے بھائیوں کے نام پر کئے گئے انتقال کو اپنے نام منتقل کروانے کا مطالبہ کر رہے تھے مگر والد نے اس سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے ان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
تھانہ تنگی پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے، ملزمان کے خلاف زخمی بھائی واجد علی کی مدعیت میں دفعہ 302 (قتل) اور 34 (ایک سے زیادہ ملزمان) کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
تحصیل تنگی ہیڈکوارٹر ہستپال میں ملزمان کے سوتیلے بھائی وکیل خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اُنکے سوتیلے بھائیوں کا دعویٰ تھا کہ انہوں ںے ساری زندگی پیسے کما کر والد کو 6 لاکھ تک رقم دی تھی، جس کے عوض وہ والد کے حجرے کو اںکے نام انتقال کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مگر والد کا کہنا تھا کہ میری جائیداد سوتیلے اور سگے بیٹوں دونوں میں برابر کی تقسیم ہوچکی ہے اور یہ حجرہ میری دوسرے بیوی کے بیٹوں کے نام ہے لہذا وہ ہمارا حق اُن کو نہیں دے سکتے، جس پر وہ ان تینوں نے طیش میں آکر میرے والدین کو قتل کردیا جبکہ میرے پندرہ سالہ بھائی کو شدید زخمی کر دیا ہے۔
وکیل خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کرکے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔