لکی مروت، حملے میں ڈی ایس پی گل محمد خان گن مین سمیت جاں بحق، ایک زخمی
غلام اکبر مروت
لکی مروت میں گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ڈی ایس پی لکی مروت گل محمد خان اپنے دوگن مینوں سمیت شدید زخمی ہوگئے۔ بعدازاں ڈی ایس پی گل محمد خان اور گن مین نسیم گل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
دوسرے زخمی گن مین فاروق کو پہلے بنوں اور بعدازاں تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان شاہد حمید کے مطابق لکی مروت کے انڈس ہائی وے لنک روڈ پر منجیوالا چوک کے قریب گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ڈی ایس پی کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس سے ڈی ایس پی گل محمد خان دو گن مینوں سمیت زخمی ہوگئے۔
انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کیا جارہا تھا کہ ڈی ایس پی گل محمد خان اور ان کے گن مین نسیم گل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ زخمی گن مین فاروق کو تشویشناک حالت میں پہلے بنوں اور بعدازاں پشاور منتقل کر دیا گیا۔
ڈی ایس پی گل محمد خان اور گن مین نسیم گل کی نماز جنازہ پہلے پولیس لائن لکی مروت میں صبح 7 بجے ادا کرنے کیلئے تیاریاں کی گئیں لیکن بعدازاں نمازِ جنازہ پولیس لائن لکی مروت کی بجائے پولیس لائن بنوں میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق لکی مروت میں نماز جنازہ کے دوران بھی بہت زیادہ سیکیورٹی تھریٹس کا خدشہ ظاہر کیا گیا اور سیکیورٹی تھریٹس کی وجہ سے دونوں اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن بنوں میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے ضلع لکی مروت میں پولیس نے شام کے بعد گشت کرنا چھوڑ دیا ہے۔ جس کی وجہ سے ضلع بھر میں چوری، ڈکیتی اور پولیس پر حملوں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ ڈی ایس پی گل محمد خان کی ترقی پچھلے مہینے ہوئی تھی اور انہیں گزشتہ ہفتے ہی ڈی ایس پی لکی مروت تعینات کیا گیا تھا۔ وہ اس سے قبل لکی مروت کے مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او اپنی خدمات سر انجام دے چکے تھے۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ مارے گئے دہشتگرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔