جرائم

ڈیرہ اسماعیل خان میں پٹاخوں کی ڈبی نے کمسن بچے کی جان لے لی

 

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے فلک آباد میں گول گپے فروش کا کمسن بیٹا پٹاخوں کی ڈبی جیب میں پھٹنے سے شدیدجھلس گیا تھا۔ غربت کے باعث تڑپ تڑپ کر آج زندگی کی بازی ہار گیا۔

متاثرہ خاندان کے مطابق نئی چونگی کے قریب فلک آباد میں گول گپے فروش لعل حسین ریڑھی بان کا کمسن بیٹا قریبی دکاندار سے پٹاخے کی ڈبی خرید کر لایا۔ بچے نے پٹاخے کوجلایا تو وہ نہ پھٹ سکا۔ جونہی بچے نے وہ پٹاخہ ڈبی میں ڈال کر اپنی جیب میں رکھا تو اس دوران ڈبی میں موجود تمام پٹاخے پھٹ گئے اور کمسن بچہ شدید جھلس کر زخمی ہوگیا۔

اس کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ریڑھی بان رقم نہ ہونے کی وجہ سے بچے کا فوری علاج نہ کروا سکا، جس کی وجہ سے وہ بچہ زندگی و موت کی کشمش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔

ریڑھی بان کے بچے کی نماز جنازہ کوٹلی امام حسین میں ادا کر دی گئی جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

اہلیان علاقہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور ، کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک ، آرپی اوناصر محمود ستی اور ضلعی پولیس سربراہ ناصر محمود سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضلع بھر میں پٹاخوں اور پتنگوں اور کیمیکل ملی ڈور کیخلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائیں تاکہ بچے اس سے محفوظ رہے۔ خیال رہے ضلعی انتظامیہ نے پٹاخوں کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button