جرائم

کوہاٹ میں دریائے سندھ سے سونا نکالنے والے 80 افراد گرفتار

 

باسط گیلانی

کوہاٹ میں پولیس نے دریائے سندھ سے سونا نکالنے والے مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ ابتدائی طور پر پولیس نے دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران غیر قانونی مائننگ کے ذریعے سونا نکالنے والے 80 افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔

پولیس تھانہ گمبٹ کے ایس ایچ او انسپکٹر ریاض حسین نے ٹی این این کو بتایا کہ چھاپہ مار کارروائی کے نتیجے میں بھاری مشینری اور مائننگ میں استعمال ہونے والے دیگر آلات بھی قبضے میں لئے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران زیر حراست افراد کے خلاف تھانہ گمبٹ میں مائننگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ پولیس ترجمان فضل نعیم کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ محمد عمر خان کو مختلف مقامات سے موصول ہونے والی شکایات کی تصدیق کے بعد غیر قانونی مائننگ مافیا کے خلاف پولیس نے ایس پی صدر کی قیادت میں میگا کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی طور پر علاقہ کمر، چور لکی انڈس ریور چینل اور خوشحال گڑھ کے مقام پر کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں غیر قانونی مائننگ میں ملوث 80 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران گرفتار افراد کے قبضے سے بھاری مشینری اور گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔ کارروائی ایس ایچ او تھانہ گمبٹ ریاض حسین اور ان کی ٹیم کی طرف سے محکمہ معدنیات کیساتھ ملکر عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران دریائے سندھ کے مختلف مقامات پر سونا تلاش کرنے والے افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے دریائے سندھ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی اور غیر قانونی طور پر معدنیات نکالنے کے دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف تھانہ گمبٹ میں مائننگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اب تک 300 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں جبکہ مزید کارروائی بھی جاری ہے۔ واضح رہے کوہاٹ کے مقام پر دریائے سندھ سے کچھ عرصے سے سونا نکالنے کا کام جاری تھا جس کے لیے بھاری مشینریاں طلب کی گئی ہیں اوردرجنوں مزدور اس کام کو سرانجام دیتے ہیں۔

غیر قانونی مائننگ کے ذریعے خالص سونا (پلیسر گولڈ) نکالنے والی مافیا کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی۔ غیر قانونی مائننگ کے ذریعے دریاؤں سے سونا نکالنے کے اس عمل سے ملکی معیشت سمیت مقامی آبادی کی پیداواری زمین کے ایک بڑے حصے کو نقصان پہنچایا جارہا تھا۔ ادھر غیر قانونی مائننگ مافیا کے خلاف پولیس کارروائی کو مقامی سطح پر بے حد پزیرائی ملی ہے۔ مقامی لوگوں نے اس حوالے سے پولیس افسران سے شکایات کیں جس کے بعد منظم کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ سونا نکالنے والوں نے مقامی لوگوں کو حصہ دینے کی لالچ دے رکھی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button