ڈیرہ اسماعیل خان میں خاتون طبی موت نہیں مری، غیرت کے نام پر قتل کیا گیا
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ڈھکی میں غیرت کے نام پر 2 بھائیوں نے اپنی بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ لوگوں کے سامنے جرم چھپانے کیلئے بھائیوں نے اپنی بہن کی موت طبی ظاہر کر کے جنازہ پڑھا کر دفنا دیا۔ پولیس نے واقعہ کا علم ہونے پر قتل ہونیوالی خاتون کے بھائیوں کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
تھانہ پہاڑ پور میں ایس ایچ او پہاڑ پور ثمر عباس نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ ان کو اطلاع ملی کہ 20 فروری 2024 کو مسماة شاہین بی بی دختر شریف کمہار سکنہ ڈھکی کو اس کے بھائیوں شکیل اور عقیل نے غیرت کے نام پر پستول سے فائرنگ کرکے قتل کیا۔ جرم چھپانے کی خاطر اپنی بہن کی موت کو بقضائے الٰہی قرار دیکر باقائدہ جنازہ پڑھایا اور دفنا دیا۔
اس اطلاع پر علاقہ میں کافی چہ مگوئیاں شروع تھیں اس وجہ سے پولیس نے اپنی تفتیش کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ مسماة شاہین کو اس کے خاوند جاوید بلوچ نے بدچلنی کی بناء پر 18فروری کو طلاق دی۔
مسماة شاہین بی بی بعداز طلاق اپنے والد کے گھر ڈھکی آگئی جس کو اس کے بھائیوں شکیل اور عقیل نے قتل کرنے کامنصوبہ بنایا۔ 20 فروری 2024 کو رات 1 بجے مسماة شاہین بی بی اپنے والد کے کمرہ میں موجود تھی تو دونوں ملزمان بھائیوں نے کمرہ میں جاکر اپنی بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ وقوعہ کو چھپانے کی خاطر ملزمان اور ان کے والد شریف کمہار نے صبح مسماة شاہین بی بی کی موت طبی ظاہر کرکے اس کا جنازہ پڑھا کر دفنا دیا۔ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جنہوں نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔