جرائم

مردان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایس پی رورل جاں بحق

 

عبدالستار

مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایس پی رورل اعجاز خان جاں بحق جبکہ ڈی ایس پی سمیت تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دودہشت گرد مارے گئے۔

پولیس ترجمان فرمان علی خان کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب مردان پولیس خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف سرچ اپریشن کی غرض سے کاٹلنگ کے علاقہ زوڑ متہ جارہی تھی کہ اسی دوران دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے مردان پولیس کے ایس پی رورل کیڈٹ اعجاز خان لگ کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈی ایس پی کاٹلنگ نسیم خان اور دو پولیس اپلکار منصو اور سلیم شدید زخمی ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق سرچ اپریشن کے دوران پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو اہم دہشت گرد کمانڈر بھی مارے گئے ہیں جن کی تفصیل کچھ دیر بعد جاری کی جائیگی۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق پولیس آفیسر کی نماز جنازہ مردان پولیس لائن میں ادا کردی گئی جس میں آرپی او مردان سلیمان خان،ڈی پی او مردان نجیب اللہ،کمشنر مردان ڈویژن شوکت یوسفزئی ڈپٹی کمشنر مردان فیاض شیرپاؤ اور دیگر پولیس اور سول آفیسرزنے شرکت کی۔ بعد ازاں پولیس آفیسرزکی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں چارسدہ روانہ کی گئی جہاں پر انکو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تحصیل کاتؒنگ کے علاقہ زوڑ متہ میں کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے فضل قادر گروپ نے پہلے بھی کئی پولیس اہلکاروں اور آفیسر کو نشانہ بنایا ہے اور کئی مرتبہ سیکورٹی فورسز نے ان علاقوں میں سرچ اپریشن بھی کئے ہیں جس میں اسی گروپ کئی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ پولیس ترجامان کے مطابق علاقہ میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہیں اور سرچ اپریشن جاری ہیں۔

دوسری جانب پشاور تھانہ پھندوکی حدود میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیس پرفائرنگ کی ہے جس سے ابابیل فورس کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ابابیل سکواڈکے اہلکاروں نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنےکااشارہ کیا جو نہ رکے۔ اہلکاروں نے نہ رکنے پر گرفتاری کے لیے ان کا تعاقب کیا جس پرانہوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ زخمی پولیس اہلکارکو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دونوں اہلکار تھانہ گلبارمیں ڈیوٹی پرتعینات تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button