کوہستان میں غیرت کے نام پر مزید دو افردا قتل
خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقہ کولئی پالس کوہستان میں فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد کو قتل کردیا گیا جسے پولیس نے ایف آئی آر میں غیرت کے نام پر قتل قرار دیا ہے۔
پولیس تھانہ پالس میں ایس ایچ او جاوید خان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو قتل کے بارے میں اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم کولئی پالس کے دور افتادہ علاقہ دبیہ چپرگئی بر پارو پہنچ گئی جہاں پر خاتون اور ایک مرد کی لاشیں خون میں لت پت ملی۔
ایس ایچ او جاوید خان کے مطابق انہوں نے لاشیں تحویل میں لیکر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال پالس منتقل کی جہاں پر ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
پولیس نے ایف آئی آر میں غیرت کے نام پر قتل قرار دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول عبید اللہ سکنہ گھٹو شراکوٹ کی مسماۃ بلو بی بی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے جس پر دونوں کو مقتولہ کے والد انجیل اور بھائی محمد اسلام نے اسلحہ تشین سے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اُتاردیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان ارتکاب جرم کرنے کے بعد فرار ہوچکے ہیں تاہم پولیس نے دفعہ 302، 311 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے 27 نومبر کو بھی کولئ پالس میں ایک لڑکی کی تصویر سوشل میڈیا پر آنے کے بعد اس کو قتل کردیا گیا تھا جبکہ اس سے کچھ دن قبل اسی ضلع میں ایک لڑکی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تو لڑکی نے بھاگ کر خود کو پولیس کے حوالے کرکے جان بچائی۔
2012 میں پالس میں ہی شادی کے دوران ڈانس کرنے اور تصویریں وائرل ہونے کے بعد چار خواتین سمیت 9 افراد کی جانیں چلی گئی تھی۔