جرائم

باڑہ میں خاتون پر تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

 

ضلع خیبر باڑہ میں عمر رسیدہ خاتون پر تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ خیبر چوک میں احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات باڑہ سپاہ میں سیکورٹی اداروں کی جانب سے رحمت اللہ نامی شخص کو اپنے گھر سے اٹھایا گیا اور رحمت اللہ کی والدہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ اگر رحمت اللہ نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کو عدالت میں پیش کیا جائے بصورتِ دیگر باعزت رہائی دی جائے۔ یاد رہے کہ رحمت اللہ کی بوڑھی ماں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کے تناظر میں ہزاروں افراد نے باڑہ خیبر چوک میں جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا ہے۔

بعد ازاں کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا اور پاک افغان شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ بوڑھی ماں نے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ننواتے کو قبول کرلیا۔ ایم پی اے عبدالعنی آفریدی نے کہا کہ پولیس نے احتجاجی دھرنے کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔ عمر رسیدہ خاتون کے گھر ننواتے کیا اور رحمت کو 24 گھنٹے کے اندر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اگر پولیس کو آئندہ کے لیے ایسی کوئی کارروائی کرنی ہوگی تو لیڈیز سرچر کی موجودگی میں کریں گی۔ بوڑھی عورت پر تشدد کرنے والوں پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ایم پی اے عبدالغنی آفریدی نے کہا کہ متاثرہ خاتون کے گھر پولیس قبائلی روایت کے مطابق دو دنبے لے کر گئے جسے بوڑھی ماں نے قبول کرلیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button