جرائم
ضلع کرم میں قبائل کے درمیان 9 روز سے جاری جھڑپیں رُک گئیں
محمد ریحان
ضلع کرم میں قبائل کے درمیان 9 روز سے جاری جھڑپیں گرینڈ جرگہ کی کامیابی کے بعد رُک گئیں۔ تمام علاقوں میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
جرگہ رکن نورجف کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور فورسز کے ہمراہ جرگہ نے کامیاب مذاکرات کیے جس کے بعد جھڑپیں رک گئی ہے۔ جھڑپوں میں 55 افراد جاں بحق اور 105 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیز فائر کے بعد قبائل کے مورچوں پر فورسز کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
کرم پولیس کے مطابق فائربندی کے بعد مورچوں کو لوگوں سے خالی کرکے مورچوں میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے سفید جھنڈے لگادیئے جبکہ ضلع بھر میں سڑکوں پر پولیس تعینات کردی گئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر ساجد طوری نےجنگ بندی کے بعد آمدورفت کے راستے، انٹرنیٹ اور موبائل سروس کو بھی جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔