پشاور : حسن طارق قتل کیس میں زیر حراست ملزم کراس فائرنگ میں جاں بحق
آفتاب مہمند
ایڈورڈز کالج پشاور کے طالبعلم حسن طارق قتل کیس میں زیر حراست ملزم شاہسوار فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ایڈورڈز کالج کے طالب علم قتل کیس میں زیر حراست ملزم شاہسوار کی نشاہدہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپہ زنی کی۔
چھاپہ زنی کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ اس دوران پولیس پارٹی نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ کراس فائرنگ کے نتیجے میں ملزم شاہسوار اپنے ساتھی ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر ہی جان بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کراس فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار کو دو گولیاں لگی لیکن بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق مقابلے کے دوران پولیس گاڑی کو بھی متعدد گولیاں لگیں۔ ملزمان رات کی تاریکی اور گنجان آباد علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ شاہسوار کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بھاری نفری پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اپریشن شروع کردی ہے۔
یاد رہے ایڈورڈز کالج کے طالبعلم حسن طارق کو چند روز قبل پشاور میں راہزنوں نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ طالب علم حسن طارق رکشے میں کالج سے چھٹی کے بعد گھر جارہا تھا۔ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے رکشے کو اسلحہ کی نوک پر روک کر موبائل چھننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر راہزنوں نے حسن طارق کو گولی ماری۔ طالب علم ہسپتال لے جاتے وقت راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔