جرائم

کوہاٹ میں سگے بھائی نے نشئی بھائی کو قتل کر دیا

 

باسط گیلانی

کوہاٹ کے علاقہ کالج ٹاون میں بھائی نے نشئی بھائی کو قتل کر دیا۔ پولیس تھانہ ایم آر ایس(صدر) کے ایس ایچ او شاہ دوران نے ٹی این این کو بتایا کہ ان کو کالج ٹاون سے فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی جس پر پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو گھر کے اندر ایک نوجوان کی خون میں لت پت لاش پڑی تھی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

موقع پر گھر کے افراد نے قتل کو خودکشی قرار دیا تاہم پولیس نے مختلف زاویوں سے فوری تفتیش شروع کی تو واقعہ باقاعدہ قتل معلوم ہوا اور پولیس نے مزید کارروائی شروع کی تو چند گھنٹوں میں ملزم محمد اسحاق کو علاقہ میاں گان کالونی کے قریب گرفتار کر لیا گیا۔

بعد ازاں مقتول کے چچا فضل کریم نے اپنے بھتیجے محمد اسحاق کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جنہوں نے بتایا کہ مقتول نشے کا عادی تھا اور گھر میں جھگڑے معمول بن چکے تھے۔ واردات کے وقت بھی دونوں بھائی آپس میں دست و گریباں تھے بڑا بھائی مقتول بھائی کو روز نشے سے منع کرتا تھا جس پر مقتول گھر میں مار کٹائی کیا کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم محمد اسحاق نے طیش میں آکر عبدالکریم پر پستول سے فائرنگ کر دی جس سے لگ کر وہ موقع پر جاں بحق ہوا۔ گھر والے موقع پر واقعے کو خودکشی قراردے رہے تھے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرکے تفتیشی ٹیم کے حوالے کیا جہاں ملزم نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔

ملزم کا کہنا تھا کہ مقتول نشہ کرتا تھا اور آئے روز گھر اور باہر لوگوں سے لڑائی جھگڑے کرتا تھا۔ وقوعہ کے روز بھی مقتول پستول لے کر باہر کسی کے ساتھ لڑائی کرنے جا رہا تھا جس کو انہوں نے روکنے کی کوشش کی اس دوران وقوعہ پیش آیا۔ پولیس نے ملزم کو حوالات میں بند کردیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button