فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے لنڈی کوتل میں احتجاجی مظاہرہ
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اسرائیل مخالف نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام فاٹا کے نائب امیر مفتی اعجاز شینواری ،مولانا مجاهد، سیکرٹری اطلاعات و نشریات قاری جہاد شاہ آفریدی نے جنگی قوانین کی خلاف ورزی اور آبادیوں کو نشانہ بنانے پر عالمی فورم سے اسرائیل پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلسل انسانی حقوق کی پامال کررہا ہے جبکہ فلسطینی عوام پر اقوام متحدہ کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف ہے۔ مظاہرین نے مسجد قباء سے ہسپتال اقراء چوک تک احتجاجی واک بھی کیا اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔
خیال رہے غزہ پراسرائیلی حملے چھٹے روز بھی جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار 417 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں شہید افراد کی نصف تعداد بچوں اور خواتین پر مشتمل ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے آغاز سے اب تک 447 بچے اور 248 خواتین شہید ہو چکی ہیں۔