جرائم

ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایک دہشت گرد مارا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران فوجی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

دہشت گردوں کے حوالے سے کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا، جو سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل عام میں سرگرم تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہریوں نے مذکورہ کارروائی کو سراہا جبکہ فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button