جرائم

پشاور میں ٹریفک اہلکار نے شہری کے چالان میں اصل نام کی بجائے غیر اخلاقی نام لکھ دیا

 

آفتاب مہمند

پشاور میں ون وے کے استعمال پر ٹریفک اہلکار نے شہری کے چالان میں اصل نام کی بجائے غیر اخلاقی نام "دلہ” لکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے نائب قاصد و پشاور کے رہائشی دوست محمد نے گزشتہ روز دفتر سے چھٹی کرنے کے بعد شہر میں واقع گولڈن ٹاور کے احاطے میں دوران سفر ون وے کا استعمال کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی۔

اس دوران پشاور کی ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر رومان شاہ نے "پہلے سلام پھر کلام” کے اصولوں پر عمل نہیں کیا۔ شہری دوست محمد نے ٹریفک اہلکار سے گزارش کی کہ انکو راستہ معلوم نہیں تھا لہذا انکو چالان نہ دیا جائے۔ اس موقع پر نائب قاصد نے اپنا نام بھی ظاہر نہیں کیا تاہم ٹریفک اہلکار نے انکو 100 روپے کا چالان دیکر اصل نام یا کوئی بھی مناسب لفظ لکھنے کی بجائے غیر اخلاقی لفظ "دلہ” لکھ دیا۔

چونکہ مزکورہ لفظ نہ صرف پشتون روایات کے خلاف ہے بلکہ لفظ "دلہ” ایک قسم کی گالی سمجھی جاتی ہے تو چالان لینے کے بعد شہری نے ٹریفک پولیس کے اعلی حکام سے شکایت کی۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کے ترجمان شہاب خان عمرزئی نے ٹی این این کو بتایا کہ اعلی حکام نے فوری طور پر مذکورہ چالان کا نوٹس لیکر سب انسپکٹر رومان شاہ کو معطل کرکے لائن حاضر کر دیا ہے۔ انکے خلاف باقاعدہ انکوائری کا آغاز کرکے ان سے جواب بھی مانگا گیا ہے۔ قانون کے مطابق اہلکار کے خلاف کاروائی کیجائے گی۔ شہاب خان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک کے اصول "سلام پھر کلام” کا عمل ہر وارڈن یا دیگر اہلکاروں پر لازم ہے۔ کسی بھی اہلکار کو غیر اخلاقی حرکت یا ایسے الفاظ کے چناو کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ٹریفک پولیس میں ایسے اہلکاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ سال 2016 میں سابق آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ناصر خان درانی کی ہدایت پر اس وقت کے ایس ایس پی ٹریفک پشاور پولیس عبدالواحد محمود نے پشاور میں وارڈن سسٹم کا نظام متعارف کرواتے ہی تمام اہلکاروں اور وارڈنز پر شہریوں کیساتھ سب سے پہلے "سلام پھر کلام” کا اصول لازم قرار دیا تھا۔ اس سلسلے میں 2016 کے بعد سے ٹریفک پولیس وارڈنز و اہلکاروں کو ایک تسلسل کیساتھ دوران ڈیوٹی سلام پھر کلام، شہریوں کے ساتھ نرم رویے سے پیش آنے، الفاظ کے چناو اور دوران چالان احتیاط برتنے سے متعلق باقاعدہ تربیت دی جارہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button