جرائم

پشاور میں سسرال کے گھر سے چوری کرنے والا داماد بیوی سمیت گرفتار

 

آفتاب مہمند

پشاور کی حیات آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے سسرال کے گھر سے چوری کرنے میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار میاں بیوی سے مسروقہ ملکی و غیر ملکی کرنسی اور طلائی زیورات بھی برآمد کر لی گئی۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر تھانہ حیات آباد کی پولیس نے ٹی این این کو بتایا کہ گزشتہ روز پشاور کے پوش علاقے حیات آباد کی ایک رہائشی خاتون مسماۃ (ن) زوجہ محمد عثمان نے تھانہ حیات آباد پولیس کو انکے گھر سے چوری کی رپورٹ درج کرائی۔ خاتون کی رپورٹ پر فوری طور پر حیات آباد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

اس سلسلے میں ایس پی کینٹ ڈویژن وقاص رفیق نے واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے ڈی ایس پی حیات آباد ارشد خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ حیات آباد عمران عالم پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

خصوصی ٹیم نے مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش کی۔ دوران تفتیش پولیس کو معلوم ہوا کہ چوری کی واردات میں خاتون کی اپنی بیٹی اور داماد ملوث ہے۔ پولیس نے ملوث گینگ کا سراغ لگا کر لیڈیز پولیس کے ہمراہ ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزمان میاں بیوی مسماۃ (س) زوجہ شعیب اور شعیب کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملزمان ہی کی نشاندہی پر انکے قبضے سے مسروقہ 12 لاکھ روپے، 40 ہزار افغان کرنسی، 4200 امریکن ڈالر اور طلائی زیورات بھی برآمد کرلیے گئے ہے۔

حیات آباد پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان ہمسایہ ملک افغانستان کے رہائشی ہیں۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران چوری کے واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ خاتون کے داماد نے ابتدائی طور پر پولیس کو بتایا ہے کہ
بے روزگاری سے تنگ آکر اس نے اپنی ہی بیوی کی مدد سے سسرال کے گھر سے چوری کی ہے۔

ملزم شعیب تھانہ حیات آباد میں ہے جبکہ ملزمہ کو پشاور کی وومن پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔ دونوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button