جرائم

خیبر میں سی ٹی ڈی فورس کے ساتھ جھڑپ میں 3 دہشت گرد مارے گئے

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں انسداد دہشت گردی فورس کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران 2 ملزمان سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق  گزشتہ روز خیبر کے علاقہ جمرود میں انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) اور مبینہ دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

انسداد دہشت گردی فورس ( سی ٹی ڈی ) کے حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کی حراست میں 2 ملزمان سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگردوں میں سے 2 کا تعلق تحصیل باڑہ سے ہے جبکہ ایک کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 7سے 8 مبینہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی ) کی ٹیم پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ ایک چھاپہ مار کارروائی میں سرگرم عمل تھے۔

حکام کے مطابق کارروائی میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے جمرود اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button