جرائم

ڈی آئی خان: پولیس نے بچے پر تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان میں معصوم بچے کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی ڈیرہ سٹی پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے تشدد میں ملوث ملزمان محسن سیال اور سلیم عرف گلو کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ملزمان ایک کمسن بچے کو رسیوں سے چارپائی پر باندھ کر تشدد کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بند کمرے میں بچے کا سر چارپائی میں جکڑ کر اس پر چپلوں سے تشدد کرتا ہے، تشدد کرنے والا ملزم بچے کو زبردستی چوری کا اعتراف کروانے کی کوشش کرتا ہے تاہم بچہ قسمیں کھا کر چوری کے الزام سے انکار کرتا ہے۔ بچہ رو رو کر چیختا ہے لیکن ملزم بچے پر مسلسل تشدد کرتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے، ویڈیو میں تشدد کرنے والے شخص کے ساتھ دوسرا بندہ بھی موجود ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے سٹی کی حدود میں واقع آشیانہ سنٹر سے گزشتہ دنوں لاکھوں روپے کا سامان چوری کرنے کا الزام لگا کر ذیشان سعد نامی ایک کمسن بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ عبدالرﺅف بابر قیصرانی نے فوری طور پر نوٹس لیکر ڈی ایس پی سٹی سرکل محمد عدنان معہ پولیس ٹیم کو دونوں ملزمان کی فوری گرفتار کر حکم دیا تھا جس پر ڈی ایس پی سٹی نے دونوں ملزمان محسن سیال اور سلیم عرف گلو کو تھانہ کینٹ کی حدود میں اسلامیہ کالونی سے فوری گرفتار کرکے ملزمان واقعہ میں استعمال ہونیوالی چارپائی بھی برآمد کرلی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو بحفاظت بازیاب کرکے والدین کے حوالے کر دیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button