جرائم

جمرود: مسیحی برداری سے تعلق رکھنے والے شخص کو فائرنگ سے زخمی کر دیا

ضلع خیبر میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے وسیم مسیح نامی شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا، خیبر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تختہ بیگ پولیس چوکی کے انچارج خان داد کے مطابق واقعہ ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقہ غاڑیزہ میں پیش آیا جہاں ملزم واجد نے وسیم مسیح کو پستول سے فائرنگ کرکے زخمی کردیا، اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس نے وقوعہ پر پہنچ کر فائرنگ کرنے والے ملزم واجد کو پستول سمیت گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔

واقعہ کے بعد فائرنگ سے زخمی ہونے والے وسیم مسیح کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

جمرود پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ زخمی وسیم مسیح ولد ندیم رحمت کا تعلق پشاور کے اکیڈمی ٹاون سے ہے اور واقعہ ذاتی عناد اور تکرار کے باعث پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جمرود کا علاقہ غاڑیزہ پشاور کے ساتھ متصل ہے اور وہاں زیادہ تر منشیات کی خرید و فروخت کی جاتی ہے جبکہ یہ واقعہ بھی اسی وجہ سے پیش آیا ہے، ذرائع کے مطابق زخمی وسیم اور ملزم واجد دونوں منشیات کے عادی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button