جرائم

ہنگو: پولیس ٹریننگ کالج میں ریکروٹ نے خودکشی کرلی

باسط گیلانی

ضلع ہنگو کے پولیس ٹریننگ کالج میں تربیت حاصل کرنے والے ریکروٹ نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی سی ہنگو میں غیر حاضری کی بنا پر 25 یوم ایکسٹرا ڈرل کی سزا کاٹنے والے ریکروٹ سلمان نے گزشتہ رات دلبرداشتہ ہوکر سرکاری رائفل سے خود پر فائرنگ کرکے زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ریکروٹ سلمان ضم اضلاع فورس کا حصہ تھے جنہیں پولیس ٹریننگ کالج ہنگو تربیت حاصل کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد پی ٹی سی گراؤنڈ میں تمام ریکروٹس نے کالج انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کیا اور کہا کہ متقوفی سلمان نے بیماری کی وجہ سے چھٹی کی تھی جس کی وجہ سے کالج انتظامیہ ان سے زیادہ ڈیوٹی کرواتی تھی۔

دوسری جانب کمانڈنٹ پی ٹی سی فصیح الدین کے مطابق ریکروٹ نے کسی بھی سزا کی وجہ سے خودکشی نہیں کی بلکہ اتفاقی گولی چلنے سے وہ جاں بحق ہوا ہے۔

ادھر واقعہ پر آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے سخت نوٹس لیا اور ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن شیر اکبر کو فوری پی ٹی سی ہنگو پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ ڈی آئی جی شیر اکبر نے کہا ہے کہ واقعہ کی ہر زاویے سے تحقیقات کریں گے، ڈی آئی جی نے متلعقہ ذمہ داران کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی پر پی ٹی سی ریکروٹس نے احتجاج ختم کر دیا۔

آئی جی اختر حیات خان گنڈاپور نے ٹی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے تمام حقائق معلوم کیے جا رہے ہیں اگر یہ معاملہ کالج انتظامیہ کی وجہ سے پیش آیا ہو تو کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

ریکروٹ سلمان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال لایا گیا جہاں پوسٹ مارٹم اور دیگر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔

ادھر پولیس ٹریننگ کالج سے مقامی میڈیا کے ساتھ متعدد ریکروٹس نے رابطہ کرکے بتایا کہ کہ یہاں پر انتہائی ظلم ہو رہا ہے، ریکروٹس کو اضافی ڈیوٹیاں لگا کر ذہنی دباو میں رکھا جا رہا ہے جبکہ سفارش کرنے والے ریکروٹس پر کوئی سختی نہیں کی جاتی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button