باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا۔
اتوار کے روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ ہلاک اور گرفتار دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، دہشتگرد بے گناہ شہریوں کے قتل اور خودکش دھماکوں میں بھی سرگرم عمل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 24 سالہ سپاہی محمد شعیب نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور فورسز پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔