جرائم

مردان میں والد نے جوانسال بیٹی کو قتل کر دیا

مردان کے علاقے گڑھی کپورہ میں والد نے مبینہ طور پر جوانسال بیٹی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کر دیا۔

پولیس تھانہ گڑھی کپورہ کے مطابق 11 سالہ مدیحہ نے پولیس کو رپورٹ درج کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ ڈھیرو بابا گڑھی کپورہ میں واقع گھر میں موجود تھیں کہ اس دوران ان کے دادا عبدالرحمن ان کے لیے کھانے کی چیزیں لے کر آیا اور گھر میں موجود 15 سالہ تانیہ گل کو دیکر چلا گیا۔ کچھ دیر بعد بچوں کے والد ظہور محمد گھر آ گئے اور تانیہ نے ان کو بتایا کہ دادا ان کے لیے کھانے کی چیزیں لیکر آیا تھا، یہ سن کر ظہور محمد غصہ ہوکر طیش میں آ گئے اور تانیہ پر لاٹھیوں سوٹیوں سے تشدد شروع کیا۔

مدیحہ کے مطابق تشدد سے تانیہ گل کی حالت غیر ہوگئی اور انہیں بالا گڑھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکی جبکہ بچی کی ہلاکت کے بعد والد ہسپتال سے فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا کہ بچی کی ہلاکت کا مقدمہ ان کے والد ملزم ظہور محمد کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق  ملزم ظہور محمد پہلے سے پریشان تھا کیونکہ ملزم کی ایک بیوی نے ان سے ناطہ توڑ کر دوسری شادی کی تھی جبکہ دوسری بیوی کئی ماہ سے ناراض ہو کر میکے چلی گئی تھی۔ مقتولہ بچی اپنے چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button