خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں، 3 دہشت گرد مارے گئے
خیبر پختونخوا: ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جولائی کو خیبر کے علاقے باغ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا، کارروائی کے نتیجے میں میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28 جولائی کو پھر جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، علاقہ مکینوں نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔