باڑہ تحصیل کمپاونڈ حملے کا ایک اور زخمی اہلکار دم توڑ گیا
ضلع خیبر باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ پر حملے کا ایک اور زخمی پولیس اہلکار عبدالہادی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق عبدالہادی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھا اور آج خالق حقیقی سے جاملا۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز باڑہ میں تحصیل کمپاؤنڈ پر دو حملے ہوئے تھے جس میں پہلے ہی تین اہلکار جاں بحق ہوئے تھے جبکہ آج چوتھے روز عبدالہادی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
مسلح افراد نے پہلے فائرنگ کی اور پھر کمپاؤنڈ میں 2 دھماکے ہوئے جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ بھی کی گئی۔ حملے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے 2 روز قبل پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 6 میں بھی ایف سی کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے میں 8 سکیورٹی فورسز زخمی ہوئے تھے جبکہ گزشتہ شب پشاور ریگی ماڈل ٹاؤن کے گیٹ پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔