چارسدہ: فائرنگ کے مختلف واقعات میں 13 سالہ لڑکی سمیت 8 افراد جاں بحق
رفاقت اللہ رزڑوال
خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات میں 13 سالہ لڑکی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ تھانہ پڑانگ کے حدود میں سامنے آیا جس میں ایک ہی گھر میں مقیم دو بھائیوں کے درمیان جائیداد کے تنازعے پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ملزم جہانزیب اور اس کے بیٹے کی فائرنگ سے بھائی نیاز علی اور اس کے دو بیٹے نواس خان اور اکبر خان قتل جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
تھانہ پڑانگ کے محرر واسیع اللہ کے مطابق واقعہ 33 مرلہ اس مکان کے تنازعے کے باعث پیش آیا جہاں تین بھائی مشترکہ طور پر رہائش پذیر تھے جبکہ ملزم جہانزیب اس مکان پر قبضہ جمانے کے لیے سرگرم عمل تھا۔
ادھر مقتول نیاز علی کے بیٹے خالد نے ٹی این این کو بتایا کہ جرگے کے دوران چچا بات چیت کے لیے راضی تھا تاہم گھر پہنچتے ہی انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس نے ملزم جہانزیب اور اس کے دو بیٹوں کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
یاد رہے کہ اس قبل ملزم جہانزیب نے منگل کے روز پریس کانفرنس میں الزام عائد کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نیاز علی اور ان کے بیٹوں نے چھری کے وار سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور رپورٹ کے باجود پولیس نے ان پر ہونے والے تشدد کا نوٹس نہیں لیا تھا۔
دوسری جانب آج صبح شبقدر میں بھائی نے فائرنگ کرتے ہوئے دوسرے بھائی گل شیر، ان کے 15 سالہ بیٹے علی اور 13 سالہ بیٹی آمنہ کو قتل کر دیا جبکہ ملزم کی فائرنگ سے بچوں کی والدہ بھی شدید زخمی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ تحصیل تنگی کے علاقے مندنی میں مستورات کے تنازعہ پر سفیان نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔
واقعہ کے بعد ریسیکو 1122 کے اہلکار سفیان کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر رہے تھے کہ راستے میں گاڑی کو حادثہ پیش آیا، حادثے کے دوران سفیان اور اس کے بھائی مختار شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں نے راستے میں دم توڑ دیا۔
واقعہ میں ریسکیو 1122 کے ڈرائیور اور ایک ٹیکنیشن بھی زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے تمام واقعات کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔