خیبر: باڑہ بازار میں تھانے کے قریب دھماکے، جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 3 ہو گئی
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ بازار میں جمعرات کو پولیس تھانے کے قریب خودکش دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی تعداد تین تک پہنچ گئی۔
اس سے پہلے ریسیکو 1122 کے ترجمان بلال فیضی نے بتایا کہ دھماکے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں چھ کو ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 3 کو مزید علاج کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔
خیبر پولیس کے ترجمان ظہیر خان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ باڑہ میں تحصیل کمپاؤنڈ پر حملہ ہوا ہے جس میں پولیس اسٹیشن اور دیگر دفاتر واقع ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مسلح افراد نے پہلے فائرنگ کی اور پھر کمپاؤنڈ میں 2 دھماکے ہوئے جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات کے مطابق کمپاؤنڈ پر دو دہشتگردوں نے حملہ کیا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخل ہونے کوشش کی، اہلکاروں نے حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔
آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آوروں کے اعضاء کے نمونے حاصل کرلیے۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 6 میں بھی ایف سی کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے میں 8 سکیورٹی فورسز زخمی ہوئے تھے جبکہ گزشتہ شب پشاور ریگی ماڈل ٹاؤن کے گیٹ پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔