ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء ہونے والے ٹانک کے رہائشی کی عدم بازیابی کے خلاف گرینڈ جرگہ
سندھ کے علاقے کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء کیے گئے ٹانک سے تعلق رکھنے والے خالد بیٹنی کی عدم بازیابی کے خلاف ٹانک کے عماٸدین کا گرینڈ جرگہ منعقد کیا گیا۔
جرگے میں ٹانک کے تمام اقوام نے مشترکہ طور پر شرکت کی۔ شرکإ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر خالد بیٹنی کی رہاٸی کے لیے نعرے درج تھے۔
علاقہ عماٸدین کا کہنا تھا کہ ٹانک سے تعلق رکھنے والے غریب مزدور کو سندھ کے ڈاکوؤں نے اغواء کر رکھا ہے جس کی رہاٸی کے لیے حکومتی سطح پر کچھ نہیں کیا جا رہا۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوٸے عمائدین کا مزید کہنا تھا کہ خالد بیٹنی کی غیر مشروط طور پر رہاٸی کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائیں ورنہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے خالد بیٹنی کی بازیابی کے لیے دھرنہ دیا جائے گا۔
جرگہ نے دو کمیٹیاں تشکیل دی جن میں ایک وفد اسلام آباد میں اعلیٰ حکام سے اس حوالے سے ملاقات کرے گی اور دوسرا سندھ حکومت سے اس کی رہائی کے لیے ملاقات کرے گی۔
واضح رہے ایک پراٸیویٹ کمپنی میں سکیورٹی گارڈ کے فراٸض سرانجام دینے والے خالد بیٹنی کو تاوان کی غرض سے 24 روز قبل سندھ کے علاقے کندھ کوٹ سے اغواء کیا گیا ہے جس پر تشدد کی ویڈیو بھی واٸرل ہوئی ہے جبکہ ڈاکو خالد کی رہاٸی کے بدلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔