پشاور: پلاٹ کے تنازعہ نے چار سگے بھائیوں کی جان لے لی
پشاور: پلاٹ کے تنازعہ نے چار سگے بھائیوں کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق تھانہ رحمان بابا کی حدود غفور آباد ہزار خوانی میں فریق اول اختر علی اور فریق دوم وحید کے مابین پلاٹ کے تنازعہ پر جرگہ ہو رہا تھا کہ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں شکیل خان، رفاقت خان، نثار خان اور وحید خان ساکنان ہزار خوانی لگ کر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وحید خان ہزار خوانی سے پاکستان تحریک انصاف کے کونسلر تھے۔
اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر محمد علی نے مقامی پولیس کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق فریقین کے مابین پلاٹ کا تنازعہ چلا آ رہا تھا جس کی بناء پر فائرنگ ہوئی۔
پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لئے۔ پولیس کے مطابق ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ان کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعہ سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔