جرائم

پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ تاجر قتل

پشاور کے علاقے یکہ توت میں نامعلوم افراد نے سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شہری من موہن سنگھ کو گولی مار قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق من موہن سنگھ رکشہ میں گھر جا رہا تھا کہ علاقہ گلدرہ میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔

پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں 24 گھنٹوں کے دوران سکھ برادری پر حملے کا دوسرا واقعہ ہے۔ جمعہ کو حملے میں زخمی ہونے والا شخص زیر علاج ہے۔

پولیس آفیسر نے مزید بتایا کہ سکھ تاجر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کر دی۔ فائرنگ کے بعد نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اورتفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے تا ہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

پولیس کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل پر آئے تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے جن کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب فائرنگ کے بعد سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور مقتول کے اہل خانہ بڑی تعداد میں اسپتال پہنچ گئے۔ 24 گھنٹوں میں دوسری بار سکھ برادری کو نشانہ بنانے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

سکھ برداری پر ایک حملہ گزشتہ روز ہوا تھا جب پشاور پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے رشید گڑھی میں سکھ پنساری کو نشانہ بنایا جو فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔

پولیس نے زخمی سکھ تاجر کی شناخت ترلوک سنگھ نے نام سے کی ہے جو زیر علاج ہیں۔ پولیس حکام دونوں واقعات کو ٹارگٹڈ حملہ قرار دے رہے جس کا مقصد سکھ برداری کو نشانہ بنا کر بدامنی اور بے چینی پھیلانا ہے۔

 

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button