پشاور میں ایک شخص نے اپنی بیوی اور 6 ماہ کے بچے کو ذبح کر دیا
آفتاب مہمند
پشاور کے علاقہ بھانہ ماڑی میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور چھ ماہ کے بچے کو ذبح کرکے مار ڈالا جبکہ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرکے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
بھانہ ماڑی پولیس کے مطابق رات دیر گئے بھانہ ماڑی کی حدود گل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک مدعی محمد اسحاق نے تھانہ پولیس کو اطلاع دی کہ گل آباد میں دوہرے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس جب جائے وقوعہ پہنچی تو معلوم ہوا کہ ہے مجیب الرحمان نامی ملزم نے اپنی بیوی حسینہ اور چھ ماہ کے بیٹے محمد رحمان کو تیز دار چھری کے وار سے قتل کر دیا ہے۔
پولیس نے بتایا ملزم گھر پر ہی موجود تھا اس لیے اسے بہ آسانی گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کا بنیادی تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے جو کئی سالوں سے اہل خانہ اور رشتہ داروں سمیت پشاور میں مقیم ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا دماغی تواز ٹھیک نہیں ہے اور متقولہ کے بھائی محمد اسحاق کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
مقتولہ کے بھائی محمد اسحاق نے ٹی این این کو بتایا کہ ملزم مجیب الرحمان ان کا سالہ اور چچا زاد بھائی ہے اور ان کا پورا خاندان گزشتہ 40 سال سے پشاور کے بھانہ ماڑی کے حدود گل آباد میں رہائش پذیر ہیں۔
انہوں نے بتایا ملزم رات گئے اٹھے تو والد نے پوچھا کیا کررہے ہو جس پر انہوں نے جواب دیا کہ تہجد پڑھ رہا ہوں، تقریبا 5 پانچ منٹ دیکھا تو ملزم نے بیوی اور بیٹے کو قتل کر دیا تھا۔ محمد اسحاق کے بقول ملزم مجیب الرحمان ایک درزی تھا اور علاقے میں رکشہ بھی چلاتا تھا۔ ایک سال قبل ملزم کی چھوٹی بہن حمیرا ایک گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوئی تھی جس کے بعد مجیب الرحمان اپنا ذہنی تواز کھو بیٹھا تھا۔
انہوں نے بتایا حالت زیادہ خراب ہونے پر گھر والے ان کے ہر اقدام پر کڑی نظر رکھتے تھے جبکہ ملزم کا بیوی کے ساتھ کوئی خاص گھریلوں ناچاقی بھی نہیں تھی۔ ملزم کے پانچ بچے تھے جس میں تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے جن کو واقعہ کے بعد ماموں لوگ اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔