جنوبی وزیرستان: فورسز کو راشن سپلائی کرنے والے ٹھکیدار اغوا
جنوبی وزیرستان اپر میں مسلح افراد نے فورسز کو راشن اور پانی سپلائی کرنے والے ٹھکیدار کو اغوا کرکے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان سب ڈویژن لدھا تحصیل مکین کے گاؤں بندخیل میں گزشتہ شب ایک درجن کے قریب مسلح افراد نے فورسز کے مورچوں اور چیک پوسٹوں کو راشن اور پانی سپلائی کرنے والے ٹھکیدار خزان گل کے گھر میں گھس کر انہیں اغوا کرکے نامعلوم مقام کی جانب لے گئے جس کے باعث علاقے میں رہائش پذیر لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
قبائلی رہنما ملک اے ڈی محسود نے مذکورہ واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے علاقے میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تھانہ مکین میں 270 پولیس اہلکاروں سے زیادہ نفری تعینات ہے لیکن ان میں سے 25 اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ باقی ماندہ سینکڑوں پولیس اہلکاروں سے تھانہ مکین پولیس حکام ماہانہ دس ہزار روپے فی کس بھتہ لیکر ڈیوٹی سے مستثنٰی کردیا ہے۔
قبائلی رہنمانے بتایا کہ یہ سلسلہ صرف تھانہ مکین تک محدود نہیں بلکہ جنوبی وزیرستان اپر کے تمام تھانوں میں یہ کاروبار شروع ہے۔
قبائلی رہنما ملک اے ڈی محسود کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ پولیس جنوبی وزیرستان میں 4500 کی نفری میں ایک ہزار اہلکار کا ڈیوٹی کرنا اور دیگر ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو بھتے کے عوض ڈیوٹی سے مستثنی کرنے سے علاقے میں آمن بحالی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا سے فوری طور پر نوٹس لیکر محکمہ میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی پولیس آفیسر نے ٹی این این کو بتایا کہ تمام پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں اور کسی بھی پولیس اہلکار کو اگر ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مذید بتایا کہ پولیس چاک و چوبند ہے اور مغوی کی بازیابی کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔