جرائم

اپرکرم : امتحانی ہال میں فائرنگ سے اساتذہ سمیت 7 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے علاقے اپر کرم کے ایک سکول میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امتحانی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق اپر کرم کے تری منگل ہائی سکول میں مسلح افراد نے گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 5 اساتذہ اور دو مزدور جاں بحق ہوئے۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں میر حسین، جواد حسین، نوید حسین، جواد علی، محمد علی اور علی حسین  شامل ہیں جن کا تعلق طوری بنگش قبائل سے بتایا جارہا ہے جبکہ وہ تری منگل ہائی سکول میں امتحانی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔

قبل ازیں پارہ چنار میں ایک چلتی گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک استاد قتل ہوگئے.

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں قتل ہونے استاد محمد شریف کا تعلق بھی تری منگل ہائی سکول سے تھا اور وہ بھی اسی سکول ڈیوٹی کے لئے جار رہے تھے جہاں دیگر اساتذہ قتل ہوئے۔

ان واقعات کے بعد ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ضلع بھر میں آمد و رفت کے راستے سیکورٹی خدشات کے باعث بند کردئیے گئے جبکہ کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک امتحانات نامعلوم مدت کے لئے ملتوی کردئیے گئے.

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد طوری، انجمن حسینیہ کے سیکٹری عنایت حسین ، تحریک حسینی کے صدر علامہ سید تجمل حسین نے فائرنگ کے واقعے کے بعد بے گناہ اساتذہ کے قتل کو بہیمانہ اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس قسم واقعات سے ضلع کرم کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے رہنماؤں نے اس قسم عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفیصلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

واقعے کی وجہ بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ فائرنگ زمین کے تنازعے کے باعث ہوئی ہے تاہم حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button