جرائم

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے اہم کمانڈر کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یکم مئی کو سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان کے درابن علاقے میں آپریشن کیا جس میں سیکورٹی ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی گنڈا پور گروپ کے اہم کمانڈر جبار شاہ ہلاک جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد درابن میں قانون نافذ کرنے والوں اداروں، مذہبی طبقے اور پولیو ٹیمز پر حملوں ملوت تھا جبکہ وہ کالعدم تنظیم کے لئے بھتہ وصولی میں بھی سرگرم تھا۔

واضح رہے کہ درابن کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والوں کی یہ دوسری کارروائی ہے۔ اس قبل اتوار کے روز بھی ایک کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سیکورٹی فورسز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 46 دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ  دہشت گردوں کے خلاف باجوڑ، خیبر، سوات، بنوں، لکی مروت، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور خیبر میں آپریشنز کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ دہشت گرد جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہوئے جن کی تعداد 19 ہیں. علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں 6، لکی مروت میں 5، باجوڑ میں 6، بنوں میں 4 خیبر اور سوات میں تین تین دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشتگردی کے واقعات کے باعث ٹارگٹ کلنگ، خودکش دھماکوں، لینڈ مائنز اور دیگر واردات میں 150 سے زائد سیکورٹی اہلکار بھی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button