ڈی آئی خان: اغواء برائے تاون میں ملوث سی ٹی ڈی ایچ ایس او سمیت تین افراد گرفتار
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے بھاری تاوان کے لئے اغواء ہونے والے بارگین ڈیلر کو بازیاب کرکے اغواء برائے تاوان میں ملوث کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ڈی آئی خان کے ایس ایچ سمیت 3 اغواء کاروں کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی خان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالرﺅف بابر قیصرانی کی ہدایت پر محمد یوسف کی رپورٹ پر 2 روز قبل اپنے بھائی محمد داؤد کی گمشدگی کے بعد اغوائیگی بغرض بھتہ خوری کی رپورٹ پر کینٹ پولیس ڈیرہ نے ڈی پی او ڈیرہ عبدالرﺅف بابر قیصرانی کی زیر نگرانی فوری طور کیس کو جدید سائنسی بنیادوں پر ٹریس کرتے ہوئے چھاپہ مارکر ورادات میں ملوث سی ٹی ڈی ایس ایچ او حیدر علی، محرر تھانہ سی ٹی ڈی عمر خطاب اور ایک سویلن زاہد کو بند دھپانوالہ کے قریب جنگل میں اغواء برائے تاوان میں گرفتار کرکے مغوی کو بازیاب کرلیا۔
پولیس کے مطابق اغواء کاروں سے 5 لاکھ 87 ہزار رقم برآمد کرکے تھانہ کینٹ میں ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ان کے بقول مغوی محمد داؤد کو نجی کمرہ سے بازیاب کرایا گیا جبکہ اس موقع ملزم غلام فرید تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا جس تلاش شروع کردی گئی جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان نے کہا کہ پولیس میں ایسی کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں ، ایسے پولیس افسران اور اہلکاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے جبکہ پولیس وردی میں شہریوں کے ساتھ ظلم کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے۔