جرائم

لکی مروت میں سی ٹی ڈی کا 6 شدت پسند مارنے کا دعویٰ

لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے ڈاڈیوالہ کے علاقے میں مقابلے کے دوران 6 شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس ترجمان شاہد حمید کے مطابق لکی مروت کے علاقے ڈاڈیوالہ میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی جہاں شدت پسندوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد جوابی فائرنگ میں 6 شدت پسند مارے گئے۔

پولیس ترجمان شاہد حمید نے بتایا کہ مارے گئے مسلح افراد میں چار افراد کی شناخت ضیاءاللہ عرف کوچی، صفت اللہ عرف ڈرون، محیب اللہ اور کلیم اللہ عرف فقیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دو افراد کی شناخت ابھی تک نہ ہوسکی۔

ترجمان کے مطابق مارے گئے شدت پسند پولیس اور سیکورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔

ترجمان کے بقول شدت پسند پولیس چوکی عباسیہ پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر 2022 میں اسی علاقہ میں شدت پسندوں نے چوکی عباسہ کی پولیس موبائل گاڑی پرحملہ کیا تھا جس میں پولیس کے چھ جوان شہید ہوئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button