صدہ ہسپتال سے اغوا شیرخوار بچی 48 گھنٹوں میں بازیاب
ضلع کرم: تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صدہ سے مغوی شیر خوار بچی کی اغوائیگی کا ڈراپ سین، پولیس نے بچی کو برآمد کرتے ہوئے سہولت کار ملزم وحید نور سمیت دو نوسرباز خواتین کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صدہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو شاہد خان وزیر نامی شخص جن کا تعلق وزیرستان سے بتایا جاتا ہے اور اس وقت وہ لوئر کرم کے گاؤں پیر قیوم میں رہائش پذیر ہیں، وہ اپنی بیوی کے ہمراہ اپنی دو ماہ کی بچی دعا کو علاج کی غرض سے صدہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لائے، بچی ڈاکٹر کو دکھانے کے بعد انہوں نے اپنی بیوی کو ہسپتال کے لان میں دوسری خواتین کے ساتھ بٹھایا اور خود دوائیاں لینے میڈیکل سٹور گئے، بچی رو رہی تھی تو وہاں موجود خواتین میں سے ایک عورت نے بطورِ اظہار ہمدردی اپنے مکر و فریب سے بچی کی ماں کو ورغلا کر بچی کو اپنی گود میں لیا اور چند لمحے بعد دکان سے دوائی لینے کے بہانے اٹھی اور آنکھ بچاتے ہی دوسرے راستے سے باہر نکل گئی جہاں مین روڈ پر پہلے سے ایک لڑکا، جس کی عمر تقریباً 12، 14 سال تھی، انتظار میں تھا، اس نے جونہی خاتون کو دیکھا تو باہر کھڑی ٹیکسی کار کا دروازہ کھول دیا اور خواتین کے بیٹھتے ہی روانہ ہوئے۔
ادھر کچھ وقت گزرنے کے بعد خاتون نے شور مچایا اور واویلا شروع کر دیا، انہوں نے بتایا کہ اس طرح ایک خاتون میری بچی کو دوائی لینے کے بہانے مجھ سے چھین کر چلی گئی ہے، اس پر ہسپتال عملے نے پولیس کو بتایا جنہوں نے فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے متعلقہ خواتین اور گاڑی کی نشان دہی کی اور تمام چیک پوسٹوں کو اطلاع دے کر ناکہ بندیاں کرائیں، ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے بعد لوئر کرم کے مختلف دیہاتوں جیسا کہ پیرقیوم، ششو، درانی، ورسک، کوچی وغیرہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، اور تقریباً 48 گھنٹوں کے اندر اندر کاروائی مکمل کرتے ہوئے ششو گاؤں کے قریب سابقہ افغان مہاجرین غنڈ سے بچی کو سہولت کار وحید نور سمیت دو ملوث خواتین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔
دو روزہ پولیس سرچ آپریشن کی مکمل کاروائی کرم ضلعی پولیس آفیسر عبدالصمد خان نے خود اپنی زیرنگرانی لوئر کرم پولیس صدہ تھانہ کے ڈی ایس پی ظریف خان اورکزئی، ایڈیشنل ایس ایچ او فضل کریم، ایڈیشنل ایس ایچ او اختر حسین اور ایلیٹ فورس کے ہمراہ مکمل کی۔
عوام کی جانب سے کرم پولیس کو اس کامیاب کاروائی پر سراہا جا رہا ہے اور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔