جرائم

لکی مروت: فورسز کا کامیاب آپریشن، کالعدم ٹی ٹی پی کے اظہرالدین گروپ کا خاتمہ

لکی مروت: پاک آرمی اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران 12 شدت پسندوں کو موت کی نیند سلاتے ہوئے اظہر الدین گروپ کا خاتمہ کر دیا۔

زرائع کے مطابق لکی مروت میں گزشتہ دو ہفتوں سے سرچ آپریشن جاری تھا جس کی وجہ سے مبینہ شدت پسندوں کا ایک گروپ لکی مروت سے ٹانک کی جانب جا رہا تھا، جیسے ہی سیکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تو انہوں نے ان کا پیچھا کیا اور دوسری جانب لکی مروت پولیس کی نفری طلب کر کے مبینہ گروپ کو گھیرے میں لے لیا۔

شدت پسندوں کے کامیاب محاصرے کے بعد شہبازخیل کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروہ کے درمیان کئی گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا، آخری اطلاعات ملنے تک 12 مسلح افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تاہم ابھی تک ان کی شناخت نہیں ہوئی۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ مزید نفری طلب کر لی گئی ہے، پاک آرمی اور پولیس نے لکی مروت میں کامیاب آپریشن کیا ہے جس میں بارہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی تحریک طالبان اظہر الدین گروپ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

آرمی ذرائع کے مطابق ملزمان لکی مروت سے ٹانک کی طرف دہشت گردی کی کاروائی کے لئے جا رہے تھے، مارے گئے شدت پسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

زرائع نے بتایا کہ اظہر الدین گروپ لکی مروت میں پولیس کے خلاف دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث تھا، اسی گروپ نے 16 نومبر 2022 کو چھ پولیس جوانوں کو شہید کر دیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button