خیبر: منشیات فروشوں کے ساتھ فائرنگ میں ایک راہگیر جاں بحق، ایک زخمی
ضلع خیبر: جمرود تختہ بیگ میں مبینہ طور پر منشیات فروشوں اور ایف سی کے جوانوں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں ایک راہگیر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا، جاں بحق شخص کے ورثا، اور اہل علاقہ نے لاش کو لے کر احتجاجی دھرنا دے دیا۔
ذرائع کے مطابق جمرود تختہ بیگ پر پولیس نے ایک مشکوک فیلڈر گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے دوڑا دی جس پر پولیس و ایف سی کے جوانوں نے فائرنگ کر دی، مبینہ طور پر جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جو کہ موٹرسائیکل پر سوار تھے، جبکہ فائرنگ سے فیلڈر گاڑی کے ٹائرز پنکچر ہو گئے جس پر ڈرائیور ملزمان چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
جمرود پولیس کے مطابق فیلڈر گاڑی کو تھانہ جمرود منتقل کیا گیا جس سے 9 کلو چرس و ایک عدد پستول برآمد ہوئی۔
دوسری جانب فائرنگ سے زخمی ہونے والے موٹرسائیکل سواروں میں سے ایک بلال ولد میراب نور قوم برقمبر خیل ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، بعدازاں ورثا نے جس کی لاش کو باب خیبر کے سامنے سڑک پر رکھ کر دھرنا دے دیا۔
اس وقت تختہ بیگ چیک پوسٹ کے مقام پر لاش سمیت احتجاجی دھرنا جاری ہے جس میں ضلع خیبر کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور کارکن شریک ہیں۔
دوسری جانب پاک افغان شاہراہِ کو مکمل طور پر بند کیا گیا ہے، دھرنے میں سابقہ ایم این اے اقبال افریدی، سابقہ ایم پی اے شفیق بھی شامل ہیں۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ کس قانون کے تحت سڑک پر فائرنگ کی اجازت ہے، ایف سی کے جوانوں کے خلاف انکوائری بنائی جائے اور مقتول اور اس کے ورثا کو انصاف دلایا جائے۔