جرائم

پاراچنار: مقامی صحافی کے گھر پر دستی بم سے حملہ

پاراچنار کے نواحی علاقے احمد زئی ڈال میں سینئر صحافی محمد علی طوری کے گھر پر دستی بم سے حملہ، گھر کو نذر آتش کرنے کیلئے لکڑیوں اور دیگر سامان کو آگ لگا دی گئی۔

مقامی پولیس کے مطابق کرم پریس کلب کے سینئر نائب صدر، سونو ایف ایم ریڈیو کے پروڈیوسر اور پبلک نیوز کے نمائندے محمد علی کے گھر پر نامعلوم افراد نے گذشتہ رات دستی بم سے حملہ کیا جس سے محمد علی طوری کے کمرے سمیت گھر کے مختلف حصوں، دروازے کے شیشے اور گھر میں موجود گاڑی بھی متاثر ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، نامعلوم افراد نے گھر کو نذر آتش کرنے کیلئے گھر میں موجود خشک لکڑیوں اور دیگر سامان کو بھی آگ لگا دی۔

پولیس اور میڈیا سے بات چیت میں صحافی محمد علی طوری نے بتایا کہ وہ ریڈیو سٹیشن پر ڈیوٹی دے رہے تھے اور ان کے کمرے میں والدہ اور بچی موجود تھی کہ اس دوران نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔

محمد علی کے مطابق ان کی کسی سے بھی کوئی دشمنی نہیں ہے۔

دوسری جانب کرم پریس کلب پاراچنار کے صدر علی افضل افضال، کرم یونین آف جرنلسٹس کے صدر عظمت علیزئی، ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی چیئرمین قاضی فصل اللہ، ٹرائبل یونین کے سابق صدر صفدر داوڑ اور دیگر صحافتی تنظیموں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری تحقیقات اور مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

صحافی تنظیموں کے رہنماؤں نے واقعے کے خلاف احتجاج کی کال بھی دی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button