جرائم

مردان: 19 سالہ خواجہ سراء لعل ”دوست” کے ہاتھوں قتل

مردان میں ایک اور خواجہ سراء کو ”اپنے ہی دوستوں” نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق 19 سالہ خواجہ سراء محمد عمیر عرف لعل سکنہ سیرے بغدادہ، مردان چارسدہ چوک میں رہائش پذیر تھا اور اس کی ملزمان ممتاز علی سکنہ سیرے کورونہ بغدادہ  اور افتخار سکنہ حاجی کورونہ بغدادہ کے ساتھ دوستی تھی اور چند روز قبل اس کی ان دونوں کے ساتھ کسی بات پر تکرار ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق وقوعہ کے وقت افتخار اسے اس کے ڈیرے سے موٹرسائیکل پر سوار کر کے چارسدہ روڈ پر ملٹری فارم کے قریب لے گیا جہاں ملزم ممتاز علی پہلے سے مسلح موجود تھا، اس نے عمیر پر اندھادھند فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

بعدازاں ریسکیو 1122 نے مقتول خواجہ سراء کی ڈیڈ باڈی پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی جہاں مقتول کے ساتھی خواجہ سراوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔

دوسری جانب پولیس تھانہ صدر میں مقتول کے بھائی شہزاد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button