جرائم

خیبر کے بعد نوشہرہ کے دو ٹرانسپورٹرز کشمور کے اغواکاروں کے ہتھے چڑھ گئے

سید ندیم مشوانی

ضلع خیبر کے عمران آفریدی کے بعد سندھ کے اغواکاروں نے جہانگیرہ کے دو معروف ٹرانسپورٹرز کو ٹرک دکھانے کے بہانے سندھ کے علاقے کشمور میں بلا کر اغواء کر لیا، اغواء کاروں نے حسب سابق ٹرانسپورٹرز پر تشدد کی ویڈیو ان کے گھر والوں کو بھیج دی اور دو کروڈ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق نوشہرہ کے علاقے جہانگیرہ سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹے نعمت اللہ ولد عنایت اللہ کی ویڈیو گھر والوں کو موصول ہوئی جس میں وہ زنجیروں سے بندھے دکھائی دے رہے ہیں، ان پر تشدد ہوا ہے اور وہ رہائی کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

اہلخانہ کی مدعیت میں تھانہ اکوڑہ خٹک میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس کے مطابق اغواکار مختلف موبائل فون نمبروں سے کال کر رہے ہیں، اس سلسلے میں سندھ پولیس سے باضابط رابطہ کر لیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق کشمور اغواء کاروں کی جنت بنا ہوا ہے، اب تک اغواء برائے تاوان کے گیارہ کیس رپورٹ ہوئے جبکہ بیشتر ورثا FIR درج کروانے سے اجتناب کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے عمران آفریدی ولد عبد المالک گزشتہ ایک ہفتہ سے زائد عرصہ سے سندھ کے شہر کشمور کے اغواءکاروں کی قید میں ہیں؛ اغواءکاروں نے ان کے خاندان کو عمران آفریدی کی جسمانی تشدد کی ویڈیوز بھیجی ہے اور عمران کی رہائی کیلئے بھی 2 کروڑ بھتہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے سابق سینیٹر تاج محمد کا کہنا تھا کہ وہ گھوٹکی اور کشمور پولیس حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، جب کہ ان کے پارٹی کارکنوں نے لنڈی کوتل اور سندھ بلاول ہاؤس گیٹ کے سامنے عمران آفریدی کی رہائی کیلئے دھرنا بھی دیا۔

ہفتہ کے دن کراچی میں واقع بلاول ہاؤس گیٹ کے سامنے تحریک اصلاحات پاکستان کے چیئرمن اور سابق ایم این اے شاہ جی گل آفریدی نے احتجاجی دھرنے کی خود قیادت کی تھی اور چیف منسٹر سندھ، آئی جی سندھ پولیس اور ڈی جی رینجرز کے نمائندہ وفد سے مذاکرات کئے تھے، نمائندہ وفد نے یقین دہانی کرائی تھی کہ مغوی کو منگل تک بازیاب کرایا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button