نوشہرہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی، چار شدت پسند مارے گئے
نوشہرہ: سی ٹی ڈی مردان ریجن کی علاقہ جڑوبہ میں کارروائی، عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں چار شدت پسند مارے گئے۔
زرائع کے مطابق سی ٹی ڈی مردان ریجن کو مصدقہ اطلاع ملی کہ علاقہ جڑوبہ ضلع نوشہرہ میں دھشت گردوں کا گروہ ایک بڑی کارروائی کیلئے منصوبہ بندی کیے ہوئے ہے۔
اطلاع پر سی ٹی ڈی کی چھاپہ مار ٹیموں نے علاقہ جڑوبہ میں آپریشن شروع کیا جس کے دوران شدت پسندوں نے چھاپہ مار ٹیموں پر فائرنگ شروع کر دی، کافی دیر بعد فائرنگ رک جانے پر دوران سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن چار عسکریت پسند ہلاک پائے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
شدت پسندوں کی شناخت لطیف خان ایوبی ولد نور محمد، محمد شاہ زیب عرف حذیفہ ولد عزیز، محمد عادل عرف عمیر عرف انس ولد راضی خان ساکنان بڈھ بیر اور زاھد اللہ عرف عباس ولد تجور خان سکنہ افغانستان حال چارسدہ کے ناموں سے ہوئی جو چارسدہ، مردان اور پشاور میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں، تھانہ جات اور پولیس موبائل پر دھماکوں میں ملوث تھے۔
زرائع کے مطابق چاروں شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے۔
دوسری جانب ضلع لکی مروت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ تھانہ غزنی خیل کی حدود میں پیش آیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام مروت بنوں میں تعینات تھے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا لگتا ہے تاہم علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔