شمالی وزیرستان: تین افراد اغوا کے بعد قتل
شمالی وزیرستان میں اغوائیگی اور قتل و غارت کا سلسلہ نہ رک سکا، گزشتہ شب مزید 3 افراد کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا۔
زرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے جیولری کی دکان سے رات کے اندھیرے میں 3 افراد کو اٹھا کر دور کھیتوں میں قتل کر دیا اور لاشیں وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
زرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین میں جیولری دکان کا مالک اور ان کے دو دوست شامل ہیں جبکہ تینوں کا تعلق ضلع بنوں سے بتایا جاتا ہے۔
دوسری جانب ضلع دیر میں اراضی تنازعہ پر ایک جوان قتل جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔
تھانہ پاتراک کی حدود میں فریقین کے مابین تنازعہ اراضی پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں فریق اول سے طارق ولد امیر، اعجاز ولد ارسلا خان اور امیر ولد شراف الدین ساکنان پاتراک زخمی ہو گئے تاہم مسمی طارق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو کر لیا، واقعہ میں اندراج مقدمہ یا کسی قسم کی کارروائی کی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔