جرائم

مردان: چار افراد کے مبینہ قاتل کی پولیس حراست میں خودکشی

مردان: چار افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم نے پولیس حراست میں خودکشی کر لی۔

تھانہ خرکی پولیس کے مطابق تحصیل کمپلیکس تخت بھائی میں سول جج کی عدالت میں پیشی کے بعد واپسی پر ملزم وزیر گل نے پولیس سٹیشن لوند خوڑ کے انوسٹی گیشن اے ایس آئی لقمان کی موٹر کار میں رکھی ہوئی پستول سے اپنے سر پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے اس کو فوری طور پر ایم ایم سی مردان منتقل کر دیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والے ملزم وزیر گل سکنہ غلاموں مشین مردان پر الزام تھا کہ اس نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 27 اگست کی رات تھانہ خرکی کی حدود ریداون میں ڈکیتی کے دوران 4 افراد کو قتل کیا تھا، مقتولین میں گھرانے کا سربراہ، اس کا بیٹا، بہو اور پوتی شامل تھی، بعد میں پولیس نے ایک ہفتے کے اندر ملزم کو دیگر 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مردان عرفان اللہ مروت نے تحصیل کمپلیکس تخت بھائی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور واقعے کی انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button