جرائم

شانگلہ: رکن صوبائی اسمبلی کے گھر پر فائرنگ، دستی بم سے حملہ

شانگلہ سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور دستی بموں سے حملہ کیا ہے

زرائع کے مطابق واقعہ شانگلہ کی تحصیل مارتونگ کے علاقہ تیتوالان میں پیش آیا جہاں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے پی کے 23 شانگلہ سے اے این پی کے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی جس میں ان کے اہلخانہ تو محفوظ رہے تاھم فائرنگ سے گھر کے دروازوں اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

فائرنگ کے وقت ممبر صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان گھر پر موجود نہیں تھے، وہ ان دنوں نجی دورے پر فرانس میں ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ گھر میں فیصل زیب کے بھائی تحصیل چیئرمین مارتونگ طاھر زیب خان اور فیملی کے دیگر ممبران بھی موجود نہیں تھے کیونکہ فیصل زیب خان فیملی کے ہمراہ پشاور میں مقیم ہیں۔

فیصل زیب خان جو آج کل نجی دورے پر فرانس میں ہیں، انہوں نے ٹیلیفونک رابطہ پر بتایا کہ صوبائی حکومت انہیں سیکورٹی دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔

فیصل زیب خان نے کہا ”ھم تو روز اول سے یہی بات کہہ رہے ہیں کہ حالات کشیدہ ہیں لیکن صوبائی حکومت ان چیزوں کو اہمیت ہی نہیں دیتی۔”

ڈی پی او شانگلہ محمد عمران کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور پولیس کو جائے وقوعہ سے کارتوس کے خول اور دستی بم ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل زیب خان کے گھر کی سیکورٹی کے لئے ھم نے چار پولیس اہلکار پہلے سے تعینات کئے تھے۔

یاد رہے کہ شانگلہ میں 2009 کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، اس سے قبل جب ملاکنڈ ڈویژن میں دہشت گردی زوروں پر تھی تو شانگلہ سے سابق صوبائی وزیر پیر محمد خان مسلم لیگ کے صوبائی صدر انجنئیر امیر مقام کی رہائش گاہ پر ہونے والے خودکش حملے میں شھید ہو گئے تھے جبکہ انجنئیر امیر مقام پر سات حملے ہوئے جن میں وہ محفوظ رہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button