جرائم

باڑہ: نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق

باڑہ: تیراہ برقمبرخیل میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ تیراہ ملک دین خیل میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق تیراہ کے علاقے برقمبرخیل میں خوجلخیل 235 ونگ کی چیک پوسٹ پر سیکورٹی پر مامور اہلکار شاہ جہان پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، اسے طبی امداد کیلئے تیراہ بریگیڈ اور بعدازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا تاہم طبی امداد کے دوران شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع تیراہ بریگیڈ کو ملتے ہی فورسز کا قافلہ جائے وقوعہ کیلئے روانہ ہوا اور جیسے ہی وہ ملک دین خیل کے علاقہ شمشے پہنچا تو اس دوران نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے پہلے سے نصب شدہ بم اچانک دھماکے سے پھٹ گیا تاہم دھماکے سے سیکورٹی فورسز کا قافلہ محفوظ رہا۔

بم دھماکے کے بعد مقامی پولیس اور فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم تاحال کسی قسم کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں شدت پسندوں کی جانب سے کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اورکزئی، چارسدہ، پشاور، ڈی آئی خان اور لکی مروت میں سیکورٹی فورسز بالخصوص پولیس فورس پر حملے کئے گئے جن میں دوران چھ پولیس اہلکار جاں بحق اور کئی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button