جرائم

پشاور: بھائی نے غیرت کے نام پر دو بہنوں اور ان کی سہیلی کو قتل کر دیا

صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے میں غیرت کے نام پر 3 خواتین کو قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق نواحی علاقے داؤدزئی بابو زئی میں دو بہنوں سمیت 3 لڑکیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، بھائی نے فائرنگ کر کے اپنی دو بہنوں اور ان کی ایک سہیلی کو قتل کر دیا، قتل ہونے والی دو لڑکیوں کے والد کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر دیا گیا۔

ایف آئی آر میں دو بہنوں کا بھائی اور اس کے تین دوستوں کو نامزد کیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ غیرت ہے۔ پولیس نے واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات شروع کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیئے۔

پولیس کے مطابق سید رحمان اور کامران کے ہمراہ اراضیات بابوزئی میں اپنی دو بہنوں مسماۃ (ب) و مسماۃ (آ) دختران یاسین اور ان کی سہیلی مسماۃ (ا) دختر ہدایت اللہ کو فائرنگ کر کے قتل کیا ہے، وجہ عناد غیرت کے نام کا بتایا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں لڑکیوں کے حضرت علی نامی ایک شخص کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو چکے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، سردست موقع سے خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں، ڈیڈ باڈیز کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا، تینوں میتوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اپنے ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button